پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 4 نکات پر کوئی یوٹرن نہیں ہو گا، چار نکات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر حکومت نے 27 دسمبر تک ہمارے 4 نکات نہ مانے تو پھر ”گو نثار گو“ نہیں بلکہ ”گو نواز گو“ ہو گا۔ وہ لاہور میں پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر مرحوم جہانگیر بدر کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ندیم افضل چن، علی بدر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی تنظیم کے بارے فیصلے کرلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اعلان کرنے والے ہیں، سب کو دکھا دیں گے کہ پیپلزپارٹی کل بھی زندہ تھی اور آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر کی موت پارٹی کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ پارٹی کے لوگ جہانگیر بدر کی خدمات کو نہیں بھولے۔ جہانگیر بدر سڑک پر چلنے والا وہ جیالا تھا جس نے پارٹی کیلئے جو کام کیا وہ پارٹی کی قیادت اور پارٹی کبھی نہیں بھلا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر کا کام اب ہم سب کو مل کر کرنا ہے، ہم سب مل کر محنت کریں گے تو الیکشن جیتیں گے اور پورے پنجاب میں مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تشکیل نو کا کام جلدی کر لیں گے۔