امریکی صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد پہلی عوامی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ ایک ہفتہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد وہ سخت مایوس ہو گئی تھیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے انہو ں نے کہا کہ وہ اس قدر مایوس تھیں کہ اپنے گھر سے باہر نہیں نکلنا چاہتی تھیں۔انہوں نے بچوں کے ایک خیراتی ادارے کو بتایا انتخابات نے بہت سے امریکیوں کو موقع دیا ہے وہ اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔انہوں نے چلڈرنز ڈیفنس فنڈ کو بتایا مجھے اعتراف ہے کہ یہاں آنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔'پچھلے ہفتے میں ایسے لمحے آئے جب میں کوئی اچھی کتاب لے کر بستر پر لیٹے رہنا چاہتی تھی اور میرا کبھی بھی گھر سے باہر نکلنے کو جی نہیں چاہتا تھا۔میں جانتی ہوں کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔ میں بھی مایوس ہوں، اتنی کہ الفاظ مےں بیان نہیں کر سکتی ،میں جانتی ہوں یہ آسان نہیں ہے، میں جانتی ہوں کہ گذشتہ ہفتے بہت سے لوگوں نے خود سے سوال کیا ہے کہ کیا امریکہ وہی ملک ہے جیسا ملک ہم اسے سمجھتے تھے۔ انتخاب سے خلیج گہری ہو گئی ہے۔ امریکہ کی خاطر، اپنے بچوں کی خاطر، اپنے ملک پر اعتماد رکھیں، اپنی اقدار کے لیے لڑیں اور کبھی بھی ہمت نہ ہاریں۔