آج کا پاکستان علامہ اقبال کے خواب جیسا نہیں ہے‘، عبدالحسیب خان

کراچی( خصوصی رپورٹر ) بروکس فارما کے سی ای او عبدالحسیب خان نے کہا ہے ہمارے حکمرانوں نے قوم کو مایوسی کے علاوہ کچھ اور نہیں ڈیلیور کیا ہے اس لئے وہ اب  نوجوان طبقہ سے امید کرتے ہیںکہ وہ مستقبل میں قوم کو ایک بہتر اور خوشحال پاکستان دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا یہ وہ پاکستان ہرگز نہیں ہے، پھر ہماری یہ بدقسمتی بھی ہے کہ ہمیں آزادی کے بعد قائیدآعظم، لیاقت علی خان، خواجہ ناظم الدین اور سردار عبدالرب نشتر جیسی اہل اورمخلص قیادت زیادہ عرصہ تک میسُر نہیں رہی اور اقتدار مفاد پرست عناصر کے ہاتھوں میں چلا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے طلبہ کی آرٹ اینڈ لٹریری سو سائیٹی اور آل پاکستان یوتھ آرگنائیزیشن کے اشتراک سے علامہ اقبال کے یوم ولادت کی منابت سے شاعر مشرق کے اشعار کی روشنی میں منعقد ہونے والی تقریری مقابلہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شہر کی ایک درجن سے زائید یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا ۔تقریب سے محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ،ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیرسٹر شاہدہ جمیل،سندھ اسمبلی کے رکن محفوظ یار خان ایڈوکیٹ،ناصر زیدی اور ماجو کے لیکچرار محمد ریحان کے علاوہ یوتھ آرگنائیزیشن کے رہنماوں حمزہ رضوان،عامر بلال اور اسد ایاز انصاری نے بھی خطاب کیا۔تقریری مقابلہ میں ججز کے فیصلہ کے مطابق جامعہ کراچی کے جنید ممتاز،شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کے زین العابدین نے دوسری اور جامعہ کراچی کے ریحان عباسی نے تیسری پوزیشن حاصل کیں جبکہ جامعہ کراچی ہی کے سلمان آصف کو خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے تقریری مقابلہ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اورتقریب کے منتظمین میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں۔

ای پیپر دی نیشن