فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کیلئے وفاقی صوبائی حکومتیں متفق ہیں: وزیر اعظم

اسلام آباد (آ ئی این پی+این این آئی ) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا کے انضمام کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے‘ تمام آئینی‘ انتظامی اور قانونی امور کو جلد حل کیا جائے‘ آئینی تقاضے پورے کئے جائیں تاکہ فاٹا ریفارمرز کمیٹی کی سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔ جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگزکے جرگے نے ملاقات کر کے فاٹا کے انضمام سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف سٹوڈنٹس، قومی وطن پارٹی یوتھ ونگ، اسلامی جمعیت طلبہ،فاٹاسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پختون سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، خیبر سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ودیگر یوتھ جماعتوں اور تنظیموں کے عہدہ دار شریک تھے ۔جرگے نے کہا تمام سیاسی وابستگیوں سے قطع نظرقبائلی عوام اور یوتھ کا متفقہ مطالبہ ہے کہ قبائلی علاقہ جات کے صوبہ خبیر پی کے میں انضمام کے عمل کو تیز کیا جائے، جس پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ فاٹا کے انضمام اور علاقے کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتوں میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں قائم کی جانے والی اعلی سطحی عملدرآمد کمیٹی کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ انضمام سے متعلقہ تمام آئینی،انتظامی اور قانونی امورکو آئین اور قانون کے دائرہ کار میں جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ کم سے کم مدت میں فاٹا ریفارمز کمیٹی کی سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

شاہد خاقان

ای پیپر دی نیشن