کراچی(کامرس رپورٹر)ملک کی سب سے بڑی آئی پی پی حبکو اور پرائیوٹ پاور اینڈ انفرااسٹرکچر بورڈ (PPIB)کے مابین تھرمیںکوئلے کے 330 میگاواٹ پاور پلانٹ کیلئے عملداری معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے پر پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر شاجہاں مرزااور تھر انرجی لمیٹڈ حبکو کی چیف فنانشل آفیسر فاطمہ مریم نے دستخط کئے۔ واضح رہے کہ حبکو نے منصوبے کیلئے تھربلاک IIمیںملک کے پہلے مقامی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تنصیب کیلئے تھر انرجی لمیٹڈ (TEL)نامی کمپنی ماتحت ادارے کے طور پر قائم کی ہے۔ 505ملین ڈالر کی لاگت سے قائم ہونیوالا یہ منصوبہ دسمبر2020تک کام شروع کردیگا۔ کمپنی سے جاری اعلامئے کے مطابق منصوبے کیلئے چائنا مشینری اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن (CMEC) سے EPC معاہدہ طے پاگیا ہے جس نے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے سائٹ پر ابتدائی کام کا آغاز کردیا ہے۔ منصوبے کیلئے بجلی کی خریداری کا معاہدہ)پی پی اے(، کوئلہ کی سپلائی کا معاہدہ اور پانی کے استعمال کا معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔
حبکو اور پی پی آئی بی کے مابین کول پاور پلانٹ کیلئے معاہدہ
Nov 17, 2017