آسٹریلیا اورپیرونے فیفا ورلڈ کپ میں جگہ بنالی ، 32 ٹیموں کا کوٹہ مکمل

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا اورپیرو بی کی فیفا ورلڈ کپ 2018 میں کوالیفائی کرنے کے ساتھ ہی اس میگا ایونٹ کی ٹیموں کی تعداد مکمل ہوگئی۔ ایشین زون کی پانچویں ٹیم کی حیثیت سے آسٹریلیا نے روس کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔ اس طرح فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار پانچ ٹیمیں ایشیا کی نمائندگی کریں گی۔ دوسری جانب لاطینی امریکہ کی ٹیم پیرو نے اویشیانا زون کی ٹیم نیوزی لینڈ کو انٹرنیشنل پلے آف میں مات دیکر طویل 36سال کے بعد عالمی کپ میں اپنی شرکت کنفرم کی۔آسٹریلیا نے انٹرنیشنل پلے آف میں شمالی امریکن ٹیم ہینڈروس کو شکست دی۔ آسٹریلیا نے ایشین زون کوالیفائنگ مرحلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کرکے پلے آف مرحلہ میں جگہ بنائی تھی۔ جہاں شمالی امریکن زون کی چوتھی پوزیشن کی ٹیم بینڈروس کے خلاف پلے آف میں حصہ لیا۔ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پرکھیلا گیا پہلا میچ بغیر کسی گول کے برابررہا۔ جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے اپنے ہوم گرائونڈ سڈنی میں حریف ٹیم کو 3-1 گول سے شکست دیکر روس کا ٹکٹ حاصل کیا۔ اس دلچسپ اور سنسنی خیز میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں آسٹریلیا کے مائل جے ڈن نے یکے بعد دیگر تین گول اسکور کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرکے آسٹریلیا کو میگا ایونٹ کھیلنے کا حقدار ثابت کیا۔ دوسری جانب لاطینی امریکن زون کی پانچویں پوزیشن کی ٹیم پیرو نے اویشانا زون کی ونر نیوزی لینڈ کو پلے آف کے دوسرے میچ میں 2-0گول سے شکست دیکر عالمی کپ میں جگہ بنالی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پلے آف کا پہلا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا جبکہ لیما میں کھیلے گئے دوسرے پلے آف میں پیرو نے جیفرسن اورکرسٹین کے گولوں کی بدولت حریف ٹیم کو 2-0 گول سے مات دی۔ اس طرح روس میں منعقدہ اس میگا ایونٹ کی 32ٹیموں کا کوٹا مکمل ہوا۔

ای پیپر دی نیشن