کراچی (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ان کو ہٹلر قرار دے دیا۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے یوٹرن سے متعلق بیان پر ردعمل میں کہا کہ ہٹلر بھی ڈکٹیٹر تھا اور عمران نے اس کی مثال دے کر ثابت کیا کہ وہ بھی ہٹلر ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان خود ہٹلر ہیں لیکن یوٹرن لے کر نقصان سے بچنا چاہتے ہیں، وہ یوٹرن لینے کے بیان سے کیا تاثر دینا چاہتے ہیں۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ یوٹرن لینے والے لیڈر نہیں ہوتے۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو ڈٹ کر کھڑا ہو۔ غلط فیصلے اور اعلانات نہ کئے جائیں تو یوٹرن لینے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ یوٹرن غلط حکمت عملی اور نااہلیت کی دلیل ہوتے ہیں۔ عمران خان کنٹینر پر کھڑے ہوکر کہتے تھے کہ بات پر قائم رہنے والا لیڈر ہوتا ہے۔ وزیراعظم بننے کے بعد کہتے ہیں کہ یوٹرن لینے والا لیڈر ہوتا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ نے عمران خان کی طرف سے یو ٹرن کی نئی اصطلاح کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹرن کے اصل معنی بات کرکے مکر جانا ہے اور عمران خان کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ بات کرکے مکر جاتے ہیں۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر بجلی اور گیس کے بل جلائے تھے، عوام کو ہنڈی کے ذریعے رقم کی ترسیل کے لئے اکسایا تھا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر جذباتی بیان داغتے تھے مگر اب سب کچھ وہی کر رہے ہیں جس کی وہ مخالفت کرتے رہے ہیں۔ وزیراعظم سن لیںکہ انہیں اپنے وعدے کے مطابق ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دینا ہوں گی، پچاس لاکھ غریبوں کو مفت گھر دینے ہوں گے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنانا ہوگا۔ عمران خان بھول گئے ہیں کہ انہوں نے عوام کے سامنے اعلان کیا تھا کہ وہ قرضہ نہیں لیں گے۔ قرضہ لینے کی بجائے خودکشی کریں گے۔
خورشید شاہ