لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بھارتی ہائی کمشن نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کردئیے تاہم ہیڈ کوچ توقیر ڈار اور معاون کوچ دانش کلیم سمیت 18 رکنی سکواڈ کے ایک کھلاڑی کا ویزا روک لیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے رابطہ کرنے پر کمشن نے تینوں ویزے پیر کو جاری کرنے کا عندیہ دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے ستمبر کے آخری ہفتے میں کھلاڑیوں کے ویزہ درخواستوں کے ساتھ دوسری ضروری سفری دستاویزات جمع کرائی تھیں جبکہ چیف کوچ توقیر ڈار، کوچ دانش کلیم اور سینئر کھلاڑی راشد محمود کی درخواستیں چند روز پہلے جمع کرائی گئی تھیں اسی وجہ سے ٹیم کے ساتھ ان کے ویزے جاری نہ ہو سکے ۔ چیف کوچ توقیر ڈار کا کہنا ہے کہ کوچز کے ویزے اگلے ہفتے جاری ہو جائیں گے اور پاکستان ہاکی ٹیم 21 نومبر کو بھارت کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری ہونا خوش آئند ہے۔ ایف آئی ایچ کے ایونٹ میں بھارت جان بوجھ کر رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتا۔ باقی تین ویزے بھی پیر تک مل جائیں گے۔ ورلڈ کپ سے چند روز قبل بھارت جانے سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ رضوان سینئر کی قیادت میں پاکستان کی 18 رکنی ٹیم 21 نومبر کو بھارت کے شہر بھونیشور روانہ ہوگی۔