اسلام آباد (جاوید صدیق) یورپی یونین نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل درآمد میں ٹیکنیکل مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ کمشن کا برسلز میں ایک اجلاس ہوا جس میں دونوں طرف سے پانچ سالہ انگیجمنٹ پلان پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ برسلز میں تیرہ اور چودہ نومبر کو ہونے والے مشترکہ کمشن کے اجلاس میں جی ایس پی پلس سمجھوتہ کے تحت دونوں فریقوں میں تجارت اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں اچھی حکمرانی، قانون کی بالا دستی، انسانی حقوق کی پاسداری اور جمہوری اداروں کے استحکام پر تعاون کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ یورپی یونین نے پاکستان میں موجود مہاجرین خاص طور پر افغان مہاجرین کیلئے امداد دینے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں فریقوں نے شہریوں کی مائیگریشن کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ری ایڈمیشن کیس مینجمنٹ سسٹم پر عمل درآمد پر اسے بہتر بنانے پر بھی بات چیت کی۔