لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عدلیہ آزاد ہے انکے ہر فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جائیگا۔ اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مسئلہ کشمیر پر ہم قومی امنگوں اورکشمیر یوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ دنیا کو بھی کشمیر میں بھارت کی دہشت گردی کا نوٹس لینا ہوگا۔ ملک کی مضبوطی کیلئے نوجوانوں کی مضبوطی یقینی بنا رہے ہیں۔ وہ ہفتہ کے روز ایوان اقبال لاہور میں تکمیل پاکستان کے ''کاش '' سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر تکمیل پاکستان کی صدر ثناء خان انکے دیگر عہدیداروں فاخر عباس، اسامہ ارشد اور حرا ارشد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے خطاب کہا کہ کوئی شک نہیں کہ نوجوان جب زندگی میں کچھ بھی کرنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں تو ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتے ہیں اور انکو کامیابی سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ ہم نے نوجوانوں کیساتھ جو بھی وعدے کئے ہیں انشاء اللہ انکو پورا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے نوجوانوں کیلئے 100ارب روپے سے ''کامیاب نوجوان'' پروگرام شروع کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جے یوآئی (ف) کا دھرنا پرامن طر یقے سے ختم ہو چکا ہے۔ توقع ہے جے یوآئی (ف) سڑکوں کی بندش کی پالیسی ختم کریگی۔
عدلیہ آزاد‘ ہر فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جائیگا:گورنر سرور
Nov 17, 2019