انقرہ (اے پی پی) ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے نے کہا ہے کہ مشرقی سمندر میں تیل کی تلاش کے لیے کرپاز کے مقام پر ڈرلنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق انھوں نے ان خیالات کا اظہار شمالی قبرص ترک جمہوریہ کے قیام کی 36 ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی بحیرہ روم میں ہائیڈرو کاربن وسائل کے جائز مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،علاقے میں ڈرلنگ بارے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے منظور کردہ مسودہ کی کوئی اہمیت نہیں۔ شمالی شام میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاری چشمہ امن آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجیوں نے علاقے میں دہشت گردی کا قلع قمع کرتے ہوئے اسے پْر امن راہداری بنانا ہے تاکہ علاقے میں پناہ گزینوں کو سکون سے زندگی بسر کرنے کا موقع میسر آسکے۔