اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کویقینی بنایا جائے:صوبائی وزیرخوراک

Nov 17, 2019

لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ آٹا وگندم کی غیر قانونی ترسیل اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کمشنر آفس بہاول پور میں ڈویڑنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں کمشنر بہاول پور ڈویڑن نیئر اقبال، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں جمیل احمد جمیل، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامر کھچی، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی قیمت ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز موثر کارروائی کو یقینی بنائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے اقدامات کو پہلی ترجیح پر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کاشتکار کو معاشی تحفظ دینے اور استحصالی مڈل مین کلچر کے خاتمہ کیلئے زرعی منڈیوں اور ماڈل بازار میں براہ راست اجناس کی فروخت کی سہولت کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزیدخبریں