عدالتی ریلیف قابل تحسین والدہ، قوم کی دعائوں کا نتیجہ: شہباز شریف

Nov 17, 2019

لاہور(وقائع نگار خصوصی) شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ والدہ اور قوم کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔ وہ عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے میاں نواز شریف کیلئے دعائیں کیں جس کی وجہ سے اہم ریلیف ممکن ہوا۔ عدالت نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے علاج کیلئے باہر جانے کی اجازت دی۔ فاضل عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے معاملے پر بھی افسوس ناک بیان دیئے گئے۔کسی کی صحت سے سیاست کو نہیں جوڑنا چاہئے۔ اہم موقع پر عدالتی ریلیف قابل تحسین ہے۔ خاندان کے ساتھ پارٹی کے راہنمائوں اور کارکنوں کو بھی میاں نواز شریف کی صحت پر تشویش ہے۔ ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ میاں نواز شریف کی صحت یابی کیلئے بھرپور دعا کریں۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں نے شریف برادران خصوصاً میاں نواز شریف کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔ عدالت کی طرف سے ریلیف ملنے پر سجدہ شکر بھی کیا۔ فیصلہ سنتے ہی لیگی کارکنوں نے کمرہ عدالت میں ہی نعرے بازی شروع کر دی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ لیگی قیادت نے کارکنوں کو نعرے لگانے سے منع کیا۔

مزیدخبریں