لاہور متعدد دارداتیں لاکھوں کا نقصان چونیاں ڈاکووں کی فائرنگ کانسٹیبل شہید

Nov 17, 2020

قصور (نمائندہ نوائے وقت/ نامہ نگار) ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل صغیر احمد شہید ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی چونیاں کی حدود ڈھوس گاؤں کے قریب ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے۔ پولیس کانسٹیبل صغیر احمد  واردات رکوانے کے لئے آگے بڑھا تو ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کانسٹیبل صغیر احمد شدید زخمی ہو گیا جسے لاہور جنرل ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ صغیر احمد تھانہ چھانگا مانگا میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا اور ڈیوٹی کر کے واپس گھر جا رہا تھا۔ ڈی پی او قصور عمران کشور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دیگر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق لاہور میں متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور قیمتی اشیاء سے محروم کر دیئے گئے۔ گرین ٹاؤن کے علاقے میں مسلح ڈاکو زین کے گھر گھس کر اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5لاکھ 20ہزار مالیت کی نقدی، زیورات و دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔ جوہر ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے اشفاق و فیملی کو یرغمال بنا کر 6 لاکھ مالیت کی نقدی و طلائی زیورات اور دیگر سامان، نواں کوٹ ڈاکو ندیم سے 3 لاکھ مالیت کی نقدی و موبائل فون، مانگا منڈی ڈاکو اختر سے 3 لاکھ70 ہزار روپے نقد و موبائل فون چھین کر لے گئے۔ مصطفی آباد میں مسلح ڈاکو سمیع کے گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 3لاکھ 60ہزار روپے کی نقدی۔ پرائز بانڈ اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ نشتر کالونی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو شاہنواز اور فیملی سے 3لاکھ 05ہزار کی نقدی و زیورات، ماڈل ٹاؤن میں حیدر سے گن پوائنٹ پر25 ہزار نقدی موبائل فون اور فیکٹری ایریا میں ڈاکو گن پوائنٹ پر عدیل سے 12ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ نامعلوم چور سبزہ زار،جوہر ٹاؤن سے گاڑیاں جبکہ اچھرہ، بھاٹی گیٹ، نواں کوٹ، شاہدرہ، مانگا منڈی اور رائیونڈ سٹی سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔

مزیدخبریں