لاہور (وقائع نگار خصوصی) توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ شہری عدنان احمد پراچہ نے اپنے وکیل کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں نشاندہی کی گئی کہ صدر مملکت، وزیراعظم، وزراء اور اعلی حکام کو سرکاری دوروں پر ملنے والے تحائف توشہ خانہ جمع ہوتے ہیں اب ان کی نیلامی کی جا رہی ہے۔ درخواست میں اعتراض اٹھایا گیا کہ سرکاری تحائف کو قانونی جواز کے بغیر خفیہ نیلام کیا جا رہا ہے۔ خفیہ نیلامی میں شمولیت کیلئے عوام کی بجائے صرف سرکاری افسروں کو خطوط لکھے گئے ہیں اس لیے25نومبرکوہونے والی خفیہ نیلامی کو روکنے کا حکم دے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیلامی کے عمل میں عوام کو شامل کرنے اور نیلامی کھلے عام کرنے کا حکم دیا جائے۔