اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں 14 سالہ منصوبہ بندی اور تعمیرات کے بعد پہلی مسجد کا افتتاح 2 نومبر کو ہوا تھا۔یونانی وزارت تعلیم و مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں واضح کیا گیا،مسلمان کرونا تدابیر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عبادت کر سکیں گے۔ کرونا وائرس کی وبا کے باعث اس وقت بیک وقت زیادہ سے زیادہ 9 افراد کو باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔مسجد کے پہلے امام مراکش نژاد یونانی شہری محمد ذکی ہیں۔یونانی مذہبی امور کے سیکرٹری جنرل یورگو کلائتسزنے بیان میں کہا 2006 سے اب تک کی یونانی حکومتوں کی طویل جدوجہد کی بدولت مسجد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔ یونان اندرون و بیرون ملک ڈیموکریسی اور مذہبی آزادی کے معاملے میں ایک واضح پیغام دے رہا ہے۔تقریباً 850 مربع میٹر رقبے پر تعمیر کردہ مسجد میں 350 نمازیوں کی گنجائش موجود ہے ، مسجد کا کوئی مینار نہیں، مسجد کی تعمیر پر 8 لاکھ 87 ہزار یورو کی لاگت آئی ہے۔
کرونا: ایتھنز کی جامع مسجد میں صرف 9 افراد کو باجماعت نماز کی اجازت
Nov 17, 2020