اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) اردن کی رہنے والی خاتون مسافر ایمانی الخطابے کو امریکی مسافر طیارے سے اتار کر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ خلیج کے اخبار گلف نیوز کے مطابق اردنی نژاد امریکی شہری ایمانی الخطابے کو اس وقت نیو یارک میں ایک امریکی ایئر لائن کی پرواز سے اتار دیا گیا جب ایک دوسری مسافر نے شکایت کی کہ وہ اس کی موجودگی میں آرام دہ محسوس نہیں کر رہی۔ اردنی خاتون مسافر امریکہ کے شہر نیو جرسی میں رہتی ہیں، وہ ایک بلاگر ہیں اور امریکی کانگرس کے انتخابات بھی لڑ چکی ہیں۔ اردنی خاتون مسافر کو نہ صرف پرواز سے اتار گیا بلکہ رپورٹ کے مطابق اسے گرفتار بھی کر لیا گیا جس پر اردنی خاتون نے سوشل میڈیا پر اس اقدام کو سراسر نسل پرستی قرار دیا۔