ملتان (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دور حکومت میں مہنگائی کا اعتراف کیا ہے اور ساتھ ہی اسے سابقہ حکومت کا تحفہ قرار دے دیا۔ ملتان میں کارکنوں سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اعتراف کرتے ہیں مہنگائی بہت زیادہ ہے لیکن یہ سابقہ حکومت کا تحفہ ہے۔ گلگت بلتستان (جی بی) کے حالیہ انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جی بی الیکشن کے ذریعے ہم نے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی ہے۔ الیکشن میں پولنگ کے روز شدید برفباری کے باوجود ٹرن آئوٹ ٹھیک رہا اور امن و امان بھی مثالی تھا۔