اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی صدارت میں ای سی سی کے اجلاس میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے لئے 53ملین روپے بجٹ کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم پی ایم آفس میں کامیاب جوان پروگرام کے لئے آئی سی ٹی سروسز فراہم کرنے کے لئے دی گئی۔ پاکستان میں سمارٹ کارڈ اور سمز کی تیاری کے لئے سمری پر ایک کمیٹی تشکیل دی جو دو ہفتوں میں تجویز کا جائزہ لے کر ای سی سی کو رپورٹ دے گی۔ وزیر صنعت کمیٹی کے سر براہ ہوں گے ۔ ای سی سی نے ایک اور کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں وزارت تجارت ، فوڈ سکیورٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ جو آم اور کینو کی برآمد کے لئے مناسب ٹائم لائن کا فیصلہ کرے گی۔ کمیٹی نے بشہر فیلڈ 10ایم ایم سی ایف ڈی گیس تھرڈ پارٹی کے لئے مختص کرنے کی اصولی منظوری دی ۔ پی آئی اے کی ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی کی سکیم کے لئے کیش سپورٹ دینے کی تجویز کو بھی اصولی طور پر منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کے لئے الگ الگ ضمنی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ یہ گرانٹ رواں مالی سال کے منصو بوں کے لئے ہے۔