کراچی(کامرس رپورٹر) پاک قطر جنرل تکافل نے پاکستان میںمختلف کارگوکمپنیوں کو تکافل کوریج فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی ماڈل لاجسٹک پلیٹ فارم ہیش موو کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے کے تحت زمینی، سمندری، ہوائی اور گوداموں کے کارگو کو آن لائن تکافل کوریج فراہم کی جائے گی۔ اس معاہدے کا مقصد ایک اسٹریٹجک تعاون کے ذریعے پاکستان میںہیش موو لاجسٹک پلیٹ فارم کے کارپوریٹ ، کاروباری امپورٹرز، فریٹ فاورڈرز،زمینی ٹرانسپورٹیشن اور ملک میں گوداموں کے صارفین کو سمندری، ہوائی اور زمینی کارگو اور اجناس کی تجارت کیلئے ڈیجیٹل میڈیمز کے ذریعے میرین اینڈ فائرتکافل سروسز فراہم کرنا ہے۔یہ پہلاموقع ہے کہ ایک تکافل کمپنی لاجسٹک کاروبار کو برآمدات اور درآمدات پر مکمل ڈیجیٹل کوریج فراہم کررہی ہے۔
کمپنیوں کا مقصدایک سال میں 1000سے زائدکوریج کے ٹارگٹ کو حاصل کرنا ہے۔ اس موقع پر پاک قطر جنرل تکافل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر علی سید نے کہاکہ ڈیجیٹل چینل کے ذریعے آسان اوربہترسہولت کے ساتھ میرین کوریج کاروباری اداروں کیلئے ایک نیا باب کھولے گی۔ یہ وقت کی ضرورت ہے اور پاک قطر تکافل کی جہاں بھی ضرورت ہو ہم تعاون کیلئے تیارہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک قطر تکافل قائدانہ حیثیت برقرار رکھتے ہوئے دلچسپ پراجیکٹس کے ذریعے جدید مصنوعات پیش کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ اپنے کاروباری شراکت دار ہیش موو کے ذریعے کوریج پیش کرنے پر ہمیں بہت خوشی ہے۔ اس موقع پر ہیش موو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سرفراز عالم نے کہاکہ پاک قطر جنرل تکافل پاکستان میں سرکردہ تکافل کوریج فراہم کرنے والا قابلِ بھروسہ نام ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان اور جنوبی ایشیاکے اندر ہمارے صارفین فوری طورپر تکافل کوریج حاصل کرسکیں گے۔ یہ پاکستان میں لاجسٹک انڈسٹری کا سب سے بڑا سنگِ میل ہے اور ہم پچھلے 2سالوں سے اس کی شرح میں نمو دیکھ رہے ہیں۔ اس اہم شراکت داری پر ہیش موو اور پاک قطر جنرل تکافل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پاک قطر تکافل کاآن لائن کوریج کیلئے ہیش موو کیساتھ اشتراک
Nov 17, 2020