لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، انکے بیٹے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف کے وکیل کو آئندہ سماعت پر ہر صورت گواہان پر جرح کرنے کی ہدایت کردی۔ احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج محمد ساجد علی نے ریفرنس پر سماعت کی۔ منگل کے روز سماعت پر حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگوائی جبکہ شہباز شریف کی طرف سے طبی بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی عدالت نے ایک روز کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف، سابق سیکرٹری عمل درآمد وزیر اعلیٰ پنجاب فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم ریفرنس کیس کی سماعت 26نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر شہباز شریف کے شریک ملزم بلال قدوائی کی بریت کی دائر درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔
رمضان شوگر ملز‘ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم ریفرنس شہبازشریف کی طبی بنیاد پر معافی کی درخواست منظور
Nov 17, 2021