پسند کی شادی ،پرانی رنجش،غیرت کے نام پر،دولہے کا چچا،بچہ،بہن،بہنوئی قتل


ڈیرہ غازی خان،رحیم یارخان،،رکن پور، احسان پور،مروٹ (خصوصی رپورٹر،کرائم رپورٹر،خبر نگار،نمائندہ نوائے وقت،نامہ نگار)بیٹی سے پسند کی شادی کا رنج والد نے دولہے کے چچا ،سابقہ رنجش پر 11سالہ بچہ،غیرت کے نام پربھائی نے بہن اور بہنوئی کو قتل کر دیا  تفصیل کے مطابق پولیس صدر تونسہ کے رہائشی محمد رمضان نے درخواست دی ہے کہ ملزمان غلام یسین وغیرہ چار کس مسلح نے میرے بھائی محمد سلیم کو موٹر سائیکل سے اتار لیا اور جسم کے مختلف حصوں پر فائر مارے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا وجہ عناد محمد سلیم (مقتول) کے بھتیجے نے محمد بخش کی بیٹی مسمات روبینہ بی بی کو اغوا کر کے شادی کر لی تھی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کے خلاف کاروائی شروع کردی ہے۔رحیم یارخان،رکن پور،احسان پور سے کرائم رپورٹر،خبر نگار،نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بستی مانک والی موضع جیند والی کے رہائشی محمد عبداللہ نے پولیس کواپنی شکایت میں بیان کیاکہ وہ اسی علاقہ میں اپنے قریبی عزیز محمد جنید کی شادی کی تقریب میں شریک تھا جبکہ ملزم منورحسین جس کے ساتھ برادری طورپر مخالفت چلی آرہی تھی۔جس نے سابقہ برادری رنجش پر اس کے 11سالہ بیٹے محمد مزمل پر فائرنگ کردی سر میں فائر لگنے کے نتیجہ میں بیٹا مزمل شدید زخمی ہوگیا ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا جبکہ ملزم منورحسین موقع سے آلہ قتل سمیت فرارہوگیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے مقتول مزمل کی نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کردی۔ جبکہ باپ کی مدعیت میں فرارہوجانے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی گئی۔مروٹ سے نامہ نگار کے مطابق 11 سال قبل مقتول عبدالرزاق نے محمد بلال کی بہن حلیمہ بی بی سے شادی کی اور طلاق دے دی اور بعد میں حلیمہ بی بی کی ہی بہن 19 سالہ شبانہ بی بی سے شادی کر لی جس کا ملزمان کو رنج تھا۔شادی شدہ جوڑا حاصل پور سے دوائی لیکر مروٹ آرہاتھاتوٹوبہ کالووآلہ کے قریب ملزم بلال نے اپنے بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ مل کر انہیں قتل کر دیا۔ڈی ایس پی فورٹ عباس ندیم اقبال چوہدری اور ایس ایچ او تھانہ مروٹ محمد فاروق بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔پولیس نے محمد اختر ولد محمد اشرف کی مدعیت میں ملزمان محمد بلال محمد عدنان احمد کمال، محمد اسلم عرف بلہ اور حلیمہ بی بی کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک مرکزی ملزم آلہ قتل پسٹل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ڈی پی او بہاولنگر محمد ظفر بزدار اور ڈی ایس پی فورٹ عباس ندیم اقبال چوہدری نے کہا کہ باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے قرار واقع سزا دلوائی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن