اسلام آباد ( عبداللہ شاد ) تین طلاق، گئوکشی ایکٹ اور لو جہاد پر قانون بنانے کے بعد اب آر ایس ایس کا اگلا ایجنڈا بھارت میں مسلمان مردوں کو چار شادیوں کی اجازت کو ختم کرانا ہے۔ مودی سرکار آنے والے کچھ ماہ میں بھارتی پارلیمان سے یہ آرڈیننس بھی منظور کرانے کی تیاریوں میں ہے، اس قانون کے بعد آر ایس ایس کا اگلا ہدف بھارت کی نام نہاد سیکولر حیثیت کو بھی ختم کرانا ہو گا۔ اس مقصد کیلئے آر ایس ایس نے روایتی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔ سبھی جانتے ہیں کہ اسلام میں مردوں کو چار شادیوں کی اجازت ہے جبکہ ہندو دھرم میں دوسری شادی کو مذہبی حوالے سے انتہائی معیوب خیال کیا جاتا ہے، اسی لئے آر ایس ایس اس ضمن میں بھی اپنے جنونی ہندو ازم کو مسلمانوں پر تھوپنا چاہتی ہے۔ اس کے حوالے سے شروعات کے طور پر بھارتی سپریم کورٹ میں مسلم مردوں کو ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت دینیوالی تعزیرات ہند کی دفعہ اور شریعت قانون کو چیلنج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 494 اور شریعت قانون کی دفعہ 2 کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور پورے بھارت میں سب کو صرف ایک شادی کی اجازت دی جائے، آر ایس ایس نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ ایسا کرنیوالے مسلمانوں کو سات سال قید کی سزا دی جائے۔ اغلب امکان ہے کہ سپریم کورٹ اس مکروہ عرضداشت کو بھی خارج کرنے کے بجائے معاملہ مودی سرکار پر چھوڑ دے۔ اس صورت میں مودی سرکار آنے والے کچھ ماہ میں تین طلاق بل، گ کشی قانون، لو جہاد ایکٹ کی مانند بھارتی پارلیمان سے یہ آرڈیننس بھی منظور کرانے کی کوشش کرے گی۔
آر ایس ایس کا ایجنڈا، مسلم مردوں کو چار شادیوں کی اجازت ختم کر انا
Nov 17, 2021