منڈا چوک(نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت صرف اپنی سیاست چمکانے کیلئے اپوزیشن پر گزشتہ تین سالوںسے وار کررہی ہے جبکہ اپنی کارکردگی زیرو ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ دہائی میں لیے جانے والے قرضوں کی چھان بین کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بنائی ہے جس کی مکمل آڈٹ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دہائی میں لیے جانے والے تمام قرضوں میں کوئی بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی تو اب حکومت کس منہ سے اپوزیشن پر کرپشن کے الزامات لگائے گی۔انہوں نے کہا کہ آج حالت یہ ہے کہ سرکاری ملازمین، شہری، طلبائ، کسان اور مزدور طبقہ حکومت کی رخصتی کیلئے نوافل ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی جبکہ عوام کی طاقت سے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے جو اپنی والدہ محترمہ بینظیربھٹو شہید کے مشن پر عمل کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دیں گے۔