لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے کیلئے سابق وزیراعظم نواز شریف‘ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری‘ مریم نواز اور دیگر ممتاز سیاسی رہنمائوں نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جبکہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف خود ہسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے سپیکر پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سالک حسین سے ملاقات کی اور چودھری شجاعت کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جبکہ چودھری پرویز الٰہی اور سالک حسین نے مختلف رہنماؤں سے گفتگو کے دوران ان سے دلی طور پر اظہار تشکر کیا۔ نواز شریف اور مریم نواز نے چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک حسین سے فون پر رابطہ کیا اور تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت وضع داری کی علامت ہیں۔ ہم ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ زرداری نے پرویز الٰہی اور سالک حسین سے فون پر بات کرتے ہوئے جلد از جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام نیک خواہشات اور دعائیں چودھری شجاعت حسین کیلئے ہیں۔ پرویز الٰہی اور سالک حسین سے ہسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ کی فیملی سے ہمارا احترام کا رشتہ ہمیشہ سے قائم ہے۔ چودھری صاحب نہایت زیرک اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں۔ ہماری پوری فیملی ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔ کنوینئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے بھی چودھری شجاعت کے صاحبزادے چودھری سالک حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے طبیعت کے بارے میں دریافت کیا۔