گوجرانوالہ:گیس کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،کم پریشر،کھانا پکانا عذاب بن گیا

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )محکمہ سوئی گیس کا عملہ شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا ‘غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور لو پریشر سے لوگوں کیلئے ایک وقت کا کھانا بھی خواب بن گیا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس کی روائتی لاپرواہی نے شہریوں کو بھوکا مارنا سروع کر دیا ۔اندرون شہر کے علاقوں نور پورا ‘ہملٹن روڈ ‘گرجاکھ ‘ پیپلز کالونی ‘نوشہرہ روڈ ‘باغبانپورہ ‘گورونانک پورہ ‘حافظ آباد روڈ سمیت متعدد علاقوں میں کئی دنوں سے سوئی گیس غائب ہے ۔ لوگ اس مہنگائی کے دور میں ہوٹلوں سے کھانا خریدنے پر مجبور ہیں ۔ شہریوں عابد مغل ‘نصراﷲ شریف ‘امجد خاں ‘آصف بٹ ‘جہانگیر خاں ‘خالد مغل ‘محمد عدنان مغل ‘شہباز احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے ۔ مہنگائی تو ان سے کنٹرول ہو نہیں رہی اب لوگوں کو بھوکا مارنے کی پالیسی بھی شروع کر دی ۔ کئی کئی دن سوئی گیس میسر نہیں ۔ بچے سکول و کالج بھوکے جانے پر مجبور ہو گئے۔ مہنگی ایل پی جی گیس خرید نہیں سکتے ۔ شہریوں نے کہا ہے کہ اس تبدیلی سرکار سے تو سابقہ حکومتیں ہزار درجہ بہتر تھیں کم از کم لوگوں کو دو وقت کی روٹی تو آرام سے میسر ہو جاتی تھی ۔ شہریوں نے اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سوئی گیس کی فراہمی کا مسئلہ حل کیا جائے ۔

ای پیپر دی نیشن