لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 2024ء سے 2031ء تک ایونٹس کا اعلان کر دیا ۔آئی سی سی کے اعلان کے مطابق بھارت 2024 ء سے 2031 ء کے دوران تین آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کریگا۔2024ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ 2026 ء ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے۔ 2027 ء میں جنوبی افریقہ، زمبابوے، نمیبیا ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔2028ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوگا جبکہ بھارت 2029 ء کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔انگلینڈ، آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ 2030 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ہوں گے جبکہ 2031 ء ون ڈے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور بنگلہ دیش کریں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022 ء کی میزبانی کرنے والے شہروں کا اعلان کردیا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022 ء آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جس کا آغاز آئندہ سال 16 اکتوبر سے ہوگا اور ایونٹ 13 نومبر تک جاری رہے گا۔آئی سی سی نے آسٹریلیا کے ان 7 شہروں کا اعلان کردیا ہے جہاں ورلڈکپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 45 میچز ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل 9 اور 10 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائیگا جبکہ ایونٹ کے فائنل کا میدان میلبورن کے سٹیڈیم میں سجے گا۔آئی سی سی کے مطابق آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان، انگلینڈ، بھارت، پاکستان اور جنوبی افریقہ آئندہ ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پہنچنے کیلئے سب سے زیادہ رینکنگ رکھنے والی ٹیمیں ہیں۔اس کے علاوہ نمیبیا، سکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز گروپ ون (کوالیفائنگ راؤنڈ) کے میچز کھیلیں گے۔