کراچی (نیوز رپورٹر) نائب امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان و مدیر جامعہ ستاریہ الاسلامیہ پروفیسر محمد سلفی نے مرکز محمدی مسجد برنس روڈ پر ائمہ کرام،خطباء ، ناظمین کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کے ضلعی ،صوبائی ناظمین اور مجلس شوریٰ کے اراکین تنظیمی ، تعلیمی اور تبلیغی مشن کو مزید مستحکم کریں کیونکہ یہودوہنود ہمارے نبی ؐ پر نازل ہونے والی الہامی کتاب قران مجید میں ابلاغ عامہ اور نیٹ ورک سے تحریف کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور اسکی عظمت و فضیلت سے عوام الناس کی توجہ ہٹانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب وتمدن اور ان کے معاشی نظام کو اسلامی معاشرے پرمنطبق کرنا ہمارے نوجوانوں کیلئے زہرقاتل ہے۔مولانا سلفی نے کہا کہ ہماری جماعت اور تمام دینی جماعتیں اور مذہبی طبقات ہی اسلامی معاشرت کودوام بخشنے اور وطن عزیز پاکستان کی اسلامی اور نظریاتی سرحدوں کے امین ہیں ۔ ہم نظریہ اسلام کی حفاظت کرنا اپنا اولین مقصد حیات گردانتے ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت کے مذہبی اور سماجی اتحاد سے ہی جماعت کے تمام حلقہ جات اور پاکستانی معاشرے میں انقلاب آسکتا ہے ۔ اس موقع پر جماعت کے رئیس الناظمین وممتاز دینی اسکالر مولانا قاری محمد ابراہیم جونا گڑھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت کے ضلعی اور صوبائی ناظمین اور دینی مدارس کی معلمات ملک و ملت کی بہترین خدمات کے ساتھ ساتھ احیائے دین اور دفاع وطن کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لارہی ہیں انہو ں نے کہا کہ ہمیں اجتماعی طور پر ملک کی اندرونی اور بیرونی ریشہ دوانیوں سے نمٹنے کیلئے اسلامی حکمت عملی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مستقبل کی موئثر منصوبہ بندی کرنا ہو گی ۔مولانا قاری جوناگڑھی نے کہا کہ میں اور میرے جماعتی رفقائے کار کراچی اور صوبہ سندھ کے ذمہ داران جماعت کے امیر مولانا حافظ عبدالرحٰمان سلفی کی ہدایت اور تنظیمی احکامات کے تحت ماھانہ اور سالانہ منصوبہ بندی کو مربوط اور مستحکم انداز سے حتمی شکل دیں گے تاکہ مرکز سے ملنے والے 12مہینوں کے شیڈول کے مطابق تمام حلقہ جات میں رابطے کیئے جاسکے ۔اجلاس سے لانڈھی کے سرگرم کارکن شہزاد،شیخ محمد اکرام اور جماعت کے میڈیا ترجمان عبدالرحمٰن عابد حقانی نے خطاب کیا جبکہ اس خصوصی اجلاس میں جماعت کے ناظم اعلیٰ مفتی محمد انس مدنی ، مفتی عبدالغفارسامی ،مولانا سلیمان چنگوانی ،قاضی عبدالسمیع ،شیخ محمود سلفی ، عبیداللہ عبدالجبارسلفی،حافظ فیصل سلفی ، حافظ عبدالسلام سلفی اور کراچی بھر کے تمام اضلاع سے ائمہ کرام ،خطباء ، ناظمین اوراراکین جماعت نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔