اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے پیچھے غیر ملکی فنڈنگ ہے، لانگ مارچ کے پیچھے چھپی سازش سے پردہ چاک کرنا ملکی مفاد کا تقاضا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے اپنے طور پر انویسٹیگیٹ کیا ہے کہ لانگ مارچ کو ایک ملک فنڈنگ کر رہا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو سبوتاژ کرنے کے لئے لانگ مارچ کا ڈرامہ رچایا گیا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے دھرنے کے اعلان کے بعد دورہ پاکستان ملتوی کیا۔ ایک ملک نہیں چاہتا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا دورہ کریں۔ اس لئے لانگ مارچ کو فنڈنگ کر رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دو تین ممالک کے لئے بڑی سرمایہ کاری لیکر آرہے تھے۔ عمران نے 2014ء میں بھی چینی صدر کے دورہ کو سبوتاژ کرنے کے لئے دھرنا دیا تھا۔ عمران خان نے ہر وہ قدم اٹھایا ہے جو ریاست پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے۔ عمران خان نے آرمی چیف کی تقرری کو بھی متنازعہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے امریکا کا مستقبل نہیں رہا ایسے ہی اب عمران خان کا بھی کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔ مصلحت کی خاطر عمران خان کے خلاف فی الحال کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔
لانگ مارچ کے پیچھے بیرونی فنڈنگ ، امریکہ کی طرح ، عمران کا بھی کوئی مستقبل نہیں ، فضل الرحمن
Nov 17, 2022