دہشتگرد پاکستان کے دشمن بدستور اہم مسئلہ ، قوم اس کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی : شہباز شریف 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی بدستور پاکستان کے اہم مسائل میں سے ایک ہے، ہماری مسلح افواج اور پولیس نے بہادری سے اس عفریت کا مقابلہ کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اب ہم کسی غلطی کے متحمل نہیں ہوسکتے، دہشت گردی پاکستان کو درپیش مسائل میں سے اس وقت بھی ایک اہم مسئلہ ہے، ہماری مسلح افواج اور پولیس نے اس عفریت کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکی مروت میں پولیس کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کیلئے الفاظ کافی نہیں، میری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔  وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں 6پولیس اہلکار شہید ہو ئے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں اور پورا پاکستان دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا۔ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شہداء کو اعزازات اور شہداء پیکج دے۔

ای پیپر دی نیشن