پاکستان میں غیر سود ی بینکاری کے حکومتی فیصلے کی ستائش

Nov 17, 2022


کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے کیئے گئے اعلان کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے وفاقی شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلیں واپس لے لیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ حکومت 2027 تک ملک کے مالیاتی نظام کو مکمل طور پر اسلامی مالیاتی نظام پر منتقل کرنے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں کام کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔وفاقی شریعت کورٹ نے اپریل 2022 میں فیصل بینک کی اسلامک فنانشنل انسٹرومینٹس (آئی ایف آئی) میں منتقلی کو ایک مضبوط ماڈل کے طور پر پیش کیا تھا اور تمام بینکوں سے کہا کہ وہ پاکستانی معیشت کو سود سے پاک کرنے کے لیے روایتی بینکاری سے اسلامی بینکاری کی طرف منتقل ہوں۔ حکومت پاکستان کا حالیہ فیصلہ ملک میں ایک مستحکم اسلامی مالیاتی نظام کی جانب رائج کرنے کی جانب ایک اہم فیصلہ ثابت ہوگا۔ وقاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے فیصلے کو پاکستان کی معاشی ترقی اور ملک کے مستقبل کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے فیصل بینک لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا کہ فیصل بینک نے روایتی بینکاری سے اسلامی بینکاری کی جانب منتقلی کا سفر شروع کیا تھا اور اب ہم اس سفر کی تکمیل کے بہت قریب ہیں۔  اپنی اس کامیابی کے بعد اب ہم پاکستان کے بینکاری اور مالیاتی شعبے میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، تاکہ سود پر مبنی بینکاری سے شریعت کے اصولوں کے مطابق بینکاری نظام کی جانب منتقلی کا عمل مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر تبدیلی اگرچہ ایک چیلنج ہے لیکن یہ تبدیلی پاکستان کو ربا ء سے پاک اقتصادی ترقی کی جانب لے جانے میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل بینک کی تقریباً 700 برانچوں تک توسیع میں ربا سے پاک بینکاری کا اہم کردار ہے، جس کے باعث نئے صارفین سمیت بہت سے ایسے صارفین بھی اس نظام میں شامل ہوئے  جو پہلے بینکاری نظام کا حصہ نہیں تھے۔ ہمارے لیے اسلامی بینکاری کی جانب منتقلی کے دوران تسلسل سے کام کرنا قابل فخر ہے۔ تبدیلی و ترقی کے اس سفر میں فیصل بینک لمیٹڈ کی ٹیم کو مطلوبہ قابلیت اور مہارتوں سے آراستہ بھی کیا گیا۔ فیصل بینک نے ایک بلیو پرنٹ تیار کیا ہے، جسے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) ایک ریفرنس انڈیکس کے طور پر استعمال کرسکتا ہے۔ انہوں نے بورڈ، سینئر مینجمنٹ اور بینک کے امپلائز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس قابل تحسین سفر کی تکمیل میں کردار ادا کیا۔ فیصل بینک لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور اس کے گورنر جمیل احمد کا خصوصی شکریہ کیا جنہوں نے منتقلی کے اس سفر کے دوران بینک کو مکمل مالی معاونت فراہم کی۔ شریعہ اسکالرز کی جانب سے ملنے والی معاونت بھی قابل قدر ہے۔ 

مزیدخبریں