اسلام آباد (خبر نگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نارکوٹکس کنٹرول عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ گھڑی چور عمران نیازی کو اپنی چوریوں کا حساب دینا پڑے گا، بیرون ملک سے پاکستان حکومت کو ملنے والے نایاب تحائف بیچنے، دروغ گوئی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر سابق وزیراعظم کو کریمنل کیس کا سامنا کرنا ہوگا۔ فرح گوگی کو وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری ہوں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ دنیا میں واحد گھڑی ہونے کے ناطے یہ نایاب گھڑی ہے اور منفرد ریٹ ہے۔ گھڑی کی مالیت 2 ارب کے قریب کی ہے، فواد چوہدری تو ہر چیز کے فضائل بیان کر سکتے ہیں۔ حتی کہ شیطان کی فضیلت بھی پوچھیں تو خوب بیان کریں گے۔ صرف اس قلم میں 12 اعشاریہ 4 کیرٹ کے ہیرے لگے ہوئے ہیں۔ فواد چوہدری نے گھڑی خریدنے اور بیچنے کا جرم قبول کیا، اتنے معصوم بن گئے کہ کیبنٹ ڈویژن نے قیمت لگوائی اور انہیں معلوم ہی نہیں ہو سکا، آخر ضرورت کیا پیش آئی کہ اس ضرورت کو توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے دبئی پہنچا دی انہوں نے کہا کہ مان لیا کہ عمر فاروق دنیا کا برا ترین آدمی ہے پر عمران خان سے برا نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کس حیثیت سے گھڑی لے کر پرائیویٹ جہاز پر دبئی گئیں۔