راولپنڈی (جنرل رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ پوری دنیا دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی مقروض ہے،بہادر مسلح افواج پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں مصروف ہیں،پاکستانی حکمرانوں،سیاستدانوں کی مفادپرستی نے ملک وقوم کو مسائل سے دوچار کررکھا ہے،باطل کے مقابلے میں قوم کو سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میںٹی این ایف جے کے مرکزی عہدیداران ، ذیلی شعبہ جات کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کیا،آغا مقدسی نے باورکرایا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے ہمیشہ دین و وطن کے مفادات کو ہر شے پر ترجیح دی ہے، آغا مقدسی نے کہا کہ ملکی سیاست منافقت سے لبریز ہوچکی ہے ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذہبی رہنماؤں کے اثاثوں کی بھی پڑتال کرے، قوم پاک فوج کے جوانوں اور بے گناہ پاکستانیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیگی ۔