معذور افراد کو سہولتوں کا بل پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش ہو گا

Nov 17, 2022


لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ معذور افراد کو سہولتوں کی فراہمی کا بل پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔  لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے معذور افراد کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے درخواست پر سماعت کی۔ بدھ کو عدالتی سماعت پر صوبائی سیکرٹری قانون پنجاب ملک اختر جاوید عدالت میں پیش ہوئے۔  عدالتی استفسار پر صوبائی سیکرٹری قانون نے بتایا کہ معذور افراد کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے قانون کو تیز کر دیا گیا ہے۔  عدالت نے استفسار کیا کہ کب تک قانون سازی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ سیکرٹری قانون ملک اختر جاوید نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے بل کی منظوری دے دی ہے اور پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بل منظوری کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔  عدالت نے صوبائی سیکرٹری کے بیان پر کارروائی ملتوی کر دی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ قوانین میں معذور افراد کے لیے صحت اور تعلیم جیسی کسی سہولت کاذکر نہیں ہے  ۔

مزیدخبریں