ایشیائی ترقیاتی بنک نے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع کردیا


 اسلام آباد (این این آئی)ایشین ڈویلپمنٹ بنک (اے ڈی بی) نے سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں، آبپاشی کے نظام اور مواصلاتی انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سکھر اور حیدرآباد کے درمیان واقع قومی شاہراہ سیلاب سے متاثرہ (این 5) اور سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں قومی شاہراہوں پر موجود پلوں کی بحالی کا کام کرے گا۔ایمرجنسی فلڈ اسسٹنس پروجیکٹ‘ (ای ایف اے پی) کا آغاز جاپان فنڈ فار پاورٹی ری ڈکشن کی مدد سے شروع کیا گیا ہے۔منصوبے کی تفصیلات کے مطابق سندھ میں 400 کلومیٹر طویل شاہراہوں اور ضلعی سڑکوں کی بحالی اور تعمیر نو کی جائے گی، مزید یہ کہ سکھر اور حیدرآباد کے درمیان مصروف ترین قومی شاہراہ این5 کے 85 کلومیٹر کے علاوہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں قومی شاہراہوں پر مختلف اقسام کے تقریباً 30 پلوں کی بحالی کا کام بھی کیا جائے گا۔پروجیکٹ کی تفصیلات کے مطابق خیبر اور بلوچستان میں سیلاب سے تباہ شدہ آبپاشی اور نکاسی آب کے نظام اور رسک مینجمنٹ انفراسٹرکچر کی بحالی اور تعمیر نو کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن