لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے احتجاج کی آڑ میں لاہور کے مال روڈ کی بندش کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس عابد حسین چٹھہ نے کیس مزید سماعت کیلئے چیف جسٹس کو واپس بھجوا دیا اور قرار دیا کہ اسی نوعیت کی درخواست پر جسٹس جواد حسن پہلے سماعت کر چکے ہیں۔ بہتر ہے یہ درخواست بھی سماعت کیلئے اسی بنچ کے پاس بھجوائی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے اور عدالت کو بتایا کہ آئین پاکستان کے تحت کسی شاہراہ کو احتجاج کی آڑ میں بند نہیں رکھا جا سکتا ہے۔ مال روڈ گذشتہ کئی روز سے احتجاج کے نام پر بند ہے مگر انتظامیہ کوکوئی پرواہ نہیں ہے۔ مال روڈ کی بندش عدالتی فیصلے اور بنیادی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مال روڈ کی بندش سے راہ گیروں اور عام شہریوں کے حقوق شدید متاثر ہوئے ہیں۔کاروباری سرگرمیاں بھی بند پڑی ہیں۔ ایمبولینسز پھنسنے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت احتجاج کے نام پر مال روڈ کی بندش کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے شہر کی مرکزی شاہراہ مال روڈ کو فوری طور پر کھولنے کا حکم دے۔
احتجاج کی آڑ میں مال روڈ کی بندش‘ جسٹس عابد نے کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا
Nov 17, 2022