اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے آئیڈیاز 2022ءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "پاک فضائیہ ملکی سطح پر جدید ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لئے کوشاں ہے تاکہ پاکستان کے فضائی دفاع کو جدید، موثر اور ناقابل تسخیر بنایا جا سکے۔ انہوں نے حاضرین کو پاک فضائیہ کے فلیگ شپ پراجیکٹ نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک دنیا کے بہترین ایرو سپیس، سائبر اور آئی ٹی کلسٹرز میں سے ایک ہوگا، اور ڈیزائن، تحقیق و ترقی اور ابھرتے ہوئے ڈسرپٹو ٹیکنالوجیز کے اختراعی مراکز کے ساتھ قومی منظر نامے کو بدل دے گا۔ اس چار روزہ ایونٹ کے دوران پاک فضائیہ اپنے پویلین میں اپنی جدید ایرو سپیس، ایویونکس، سائبر سپیس اور ان سے تعلق رکھنے والی دیگر ٹیکنالوجیز کی نمائش کر رہی ہے۔ پاک فضائیہ کے پویلین میں فضائی کمیونیکیشن سسٹمز، ہوا سے ہوا میں کام کرنے والی اور ایئر سیکیور نیٹ ورکس کی حامل ٹیکنالوجیز، ایئر اور گراو¿نڈ سی-2 صلاحیتوں کے حامل آلات، موونگ میپ سیچویشنل اوئیرنیس ڈسپلیز، ملٹی پلیٹ فارم ایویونکس انٹیگریشن، ایئر کرافٹ ڈویژن، مائیکرو جیٹ انجن ڈویلپمنٹ اور سمولیشن ڈویژنز بھی نمائش پذیر ہیں۔ تقریب کو پذیرائی دینے کے لئے پاکستان کی مسلح افواج، قومی اور بین الاقوامی دفاعی صنعتکاروں، او ای ایمز، کاروباری افراد اور اعلیٰ سطح کے قومی اور بین الاقوامی دفاعی وفود کی بڑی تعداد کو مدعو کیا گیا ہے۔ پاک فضائیہ کی جانب سے فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینر بھی سٹیٹک ڈسپلے میں نمائش کے لئے پیش کئے گئے ہیں۔ نمائش میں 57 ممالک کے 400 سے زائد مندوبین اور عسکری حکام بھی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ نمائش عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کے سٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط کرنے اور عالمی امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے حصول میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز شیخ محمد بن عیسیٰ اور آذربائیجان ائیر فورس کے کمانڈر رمیز طاہروف سے اسے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے۔ معزز مہمان نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لئے پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔
ائر چیف
آئیڈیاز 2022ئ، فضائیہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کیلئے کوشاں: ائر چیف
Nov 17, 2022