لاہور (خصوصی نامہ نگار) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے زیر اہتمام سیاست نہیں ریاست بچاﺅ طلبہ مارچ کیا گیا۔ ماڈل ٹاﺅن انٹرنیشنل مارکیٹ تا اکبر چوک ٹاﺅن شپ تک نکالے گئے طلبہ مارچ کی قیادت مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف نے کی۔طلبہ مارچ میں مختلف کالجز کے سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے۔آج بدقسمتی سے سیاست کی بات ہو رہی ریاست کی بات کوئی نہیں کر رہا،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔سیاست کے نام پر فساد فی الارض ہو رہاہے۔عوام کے حقیقی مسائل پس منظر میں چلے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے دربدر ہیں۔اسمبلیوں میں صرف سازشیں ہو رہی ہیں یا اقتدار کو تحفظ دینے کے منصوبے بن رہے ہیں،غریب عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں۔کیا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے یہ ملک ایلیٹ کلاس کے تحفظ کےلئے بنایا تھا ؟نوجوانوں میں فرسٹریشن بڑھ رہی ہے۔ عرفان یوسف نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آئین و انسانی حقوق کی بالادستی کےلئے اپنا آئینی کردار ادا کریں۔موجودہ نظام ملک کے تمام مسائل کی جڑ ہے،اس نظام نے غریب سے دو وقت کی روٹی کے ساتھ طلبہ کے حقوق بھی چھین رکھے ہیں،یہ نظام ہر گز طلبہ میں شعور و آگہی نہیں چاہتا۔اس ملک کو ایک نئے نظام کی ضرورت ہے، طلبہ مارچ سے صدرمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سندھ علی قریشی،صدر ایم ایس ایم لاہور محسن اقبال، اسامہ مشتاق و دیگر طلبہ رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام سیاست نہیں ریاست بچاﺅ طلبہ مارچ
Nov 17, 2022