اسلام رواداری، امن اور احترام انسانیت کا مذہب ہے،ڈاکٹر سید محمد انور

Nov 17, 2022


اسلام آباد (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں مذہبی رواداری پر ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا، چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت، ڈاکٹر سید محمد انور مہمان خصوصی تھے۔تقریب کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام رواداری، امن اور احترام انسانیت کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انبیا کرام نے محبت، برداشت، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے او ر وطن عزیز کے آئین نے اقلیتوں کو مذہبی آزادی کا حق دیا ہے اور یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد ایک امت اور پاکستانی ہیں۔ڈاکٹر سید محمد انو ر نے مزید کہا کہ عدم برداشت اسلام سے بھی دوری اور آئین پاکستان سے بھی دوری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی حقوق ہماری ریاست ذمہ داری بنتی ہے، جمہوری اور حکومتی اداروں کو اقلیتوں کا ایک قدم بڑھ کر خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔سیمینار کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ اسلامی فکر، تاریخ و ثقافت، فیکلٹی آف عربی اینڈ اسلامک سٹڈیز، روشن مستقبل سوسائٹی فورم اور نفاذ اقلیتی حقوق فورم پاکستان نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔دیگر مقررین میں اوپن یونیورسٹی کی کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد ضیا الحق، ڈائریکٹر کرسچین سٹڈی سینٹر راولپنڈی، سیموئل ازاریا، گریس چرچز انٹرنیشنل کے بانی، ڈاکٹر یوسف ندیم، پروفیسر ڈاکٹر غلام شمس الرحمن، ڈاکٹر محمد اکرم اور ڈاکٹر عائشہ قرالعین شامل تھیں۔مقررین نے رواداری، برداشت، عفو و درگزر، محبت اور بھائی چارے، بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی وحدت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن اور رواداری کا فروغ ہی ہماری نسلوں کے پرامن مستقبل کا ضامن ہے۔  ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کہا کہ ہم نے اختلاف تنوع کے اہم ترین سبق کو یکسر بھلادیا ہے اور تنوع والے اختلافات کا تضاد والا اختلاف بنا ڈالا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فطری اختلاف کے باوجود قرآن حکیم مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ فرقوں میں بٹنے کی بجائے باہم متحد رہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے حال ہی میں بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے شعبہ بین المذاہب مطالعات بھی قائم کیا ہے جس نے اس موضوع پر بی ایس پروگرام شروع کررکھا ہے جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کرانے کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے۔ڈاکٹر محمد ضیا الحق نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے شروع کئے گئے خطبات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم مبارکباد کے مستحق ہیں۔ڈاکٹر ضیا الحق نے کہا کہ روشن مستقبل کے لئے ہمیں اچھی پاکستانی قوم بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے ناکامی کا کوئی آپشن نہیں ہے، صرف کامیابی کا آپشن ہے جو ایک دوسرے کو برداشت، بھائی چارے کی فضا قائم کرنے سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔سیموئل ازاریا، ڈاکٹر یوسف ندیم بھندر، پروفیسر ڈاکٹر غلام شمس الرحمن اور ڈاکٹر محمد اکرم نے بھی برداشت، رواداری، امن اور بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزیدخبریں