خضدار(نامہ نگار )جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی خضدار کے رہنماء عبدالوہاب غلامانی ،نورالدین پندرانی و دیگر زمیندار نمائندوں نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاق کی جانب سے خضدار کے کسانوں کو گندم کے بیج مفت فراہم کرنے کاجو پیکج دیاجارہاہے اس کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے۔ اس وقت تک 16ہزار سے زائد کسان محکمہ زراعت کے ساتھ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جب کہ 4 ہزار سے زائد کسان ہم سے دستخط لیکر رجسٹرڈ کرنے کے منتظرے ہیں جس بڑے پیمانے پر سیلاب سے خضدار کے زمینداروں کو نقصان پہنچا ہے اور ان کی زراعت تباہ ہوئی ہے۔ ان کیلئے یہ گندم بیج کے 3 تھیلے کچھ بھی نہیں ہے۔بڑے پیکج کا اعلان کیا جائے اور محکمہ زراعت کے منتظمین سے گزارش ہے کہ وہ ٹوکن کی تعداد کو بڑھائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو گندم کے بیج بروقت ملے چونکہ جو ربیع کا سیزن ہے وہ تیزی سے گزر رہاہے اور بعد میں ملنے والے اس بیج سے ان کو کوئی بھی فائدہ نہیں ملے۔ اس جانب کمشنر قلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خضدار از خو د متوجہ ہوں اور روزنہ کی بنیاد پر ہر تحصیل کو 4 سو کے قریب ٹوکن دیئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی خضدار کے رہنماء عبدالوہاب غلامانی کا کہنا تھاکہ یہ خضدار کیلئے جو پیکج ہے یہ مرحلہ وار آرہے ہیں اور انتہائی کم آرہے ہیں حالانکہ خضدار میں سولہ ہزار سے زائد کسانوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے ۔محکمہ زراعت کی جانب سے رجسٹریشن بند ہے تاکہ اس سے پہلے جتنے بھی رجسٹریشن ہوچکے ہیں ان کو گندم کے بیج کی تقسیم کرنے کے سلسلے کو مکمل کیا جائے۔