وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر بننے کیلئے کلیئرنس مل گئی: نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر بنانے کا فیصلہ

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مشیر کھیل وہاب ریاض کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کےلئے کلیئرنس دےدی ۔ وہاب ریاض چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی نگران کابینہ کاحصہ رہیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ جلد سابق کرکٹرکو چیف سلیکٹر بنانے کا کنٹریکٹ بھجوائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان اور کوچنگ سٹاف کےساتھ نئے ٹیم منیجر کے تقرر کا بھی فیصلہ کیا ہے، ریحان الحق کی جگہ سابق ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کو پاکستان ٹیم کےساتھ آسٹریلیا بھیجا جائےگا۔نجم سیٹھی دور میں مکی آرتھر نے جب ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں تو اس وقت ریحان الحق کو منیجر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔نوید اکرم چیمہ ماضی میں بھی ٹیم کے منیجر رہ چکے ہیں۔ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ نے کوچنگ سٹاف کیلئے ملکی کرکٹرز سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔سلیکشن کمیٹی کے ارکان کےلئے بھی مشاورت کا عمل تیزی سے جاری ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹیم ڈائریکٹر مقرر کرنے پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے نئی ذمہ داری ادا کرنے پر فخر ہے اور پرجوش ہوں، چیلنجنگ ذمہ داری دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ کوچنگ سٹاف اور کھلاڑیوں کےساتھ مل کر کام کرنے کےلئے پرعزم ہوں، مل کر بہترین کارکردگی کی کوشش کریں گے اور مداحوں کو خوشیاں دیں گے۔محمد حفیظ اس سے قبل ذکا اشرف کے موجودہ دور میں ٹیکینکل کمیٹی کے رکن کی حیثیت بھی کام کرچکے ہیں۔ میں اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے اور مجھے یہ چیلنجنگ ذمہ داری دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ہم مل کر بہترین کارکردگی کےلئے کوشش کریں گے اور اپنے مداحوں کےلئے خوشیاں لائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن