لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023ءکے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا۔ بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پوری ٹیم 212 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا نے 213 رنز کا ہدف 48 ویں اوورز میں 7 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ءکا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 19 نومبر کو نریندر مودی سٹیڈیم احمد آباد میں ہوگا۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 29 اور ٹریوس ہیڈ 62 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ سٹیون سمتھ 30، مارنس لابوشین 18، جوش انگلس28 ، گلین میکسویل ایک اور مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کاک اور ٹیمبا باووما نے کیا۔ ٹیمبا باووما پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے صفر پر ہی آﺅٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ ملر 101 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کوئنٹن ڈی کاک 3 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے۔ ایڈن مارکرم 10 رنز اور پھر راسی وین ڈیرڈوسن 6 رنز پر آو¿ٹ ہوگئے۔ ہنرک کلاسن 47 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ جیرالڈ کوٹزی 19، کاشیو مہاراج 4، کاگیسو ربادا 10 اور مارکو جانسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے3،3 جبکہ ٹریوس ہیڈ اور جوش ہیزل ووڈ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹریوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تاریخ میںآٹھویں مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ اس سے قبل بھی کینگروز ٹیم 7 مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکی ہے جس میں سے 5 مرتبہ عالمی چیمپئن جبکہ 2 مرتبہ رنر اپ رہ چکی ہے۔
آسٹریلیا جنوبی افریقہ کو ہرا کر ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گیا‘ بھارت سے مقابلہ پرسوں
Nov 17, 2023