لاہور(نامہ نگار)ٹریفک پولیس نے کم عمر ڈرائیورز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے کہا ہے شہر میں 90 ایسے مقامات کو ٹریس کر لیا جہاں پر کم عمر ڈرائیورز گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلاتے ہیں،ان مقامات پر اضافی وارڈنز تعینات کرکے کم عمر ڈرائیورز کےخلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ گزشتہ 3 روز کے دوران 400 سے زائد مقدمات کم عمر ڈرائیورز کےخلاف درج کئے گئے، رواں سال میں اب تک 20 ہزار 514 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف چلان ٹکٹس جاری کئے ہیں، ڈیفنس فیز 6،7اور 8 میں ڈی ایچ اے کے تعاون سے 100 وارڈنز اضافی تعینات کر دئیے ہیں۔ماں باپ اپنے بچوں کو گاڑی اور موٹرسائیکل چلاتا دیکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں جو کہ انتہائی غلط سوچ ہے، قانون میں ایسی شک بھی موجود ہے جہاں کم عمر ڈرائیورز کیساتھ والدین پر بھی کارروائی ہو سکتی ہے، ہمارا مقصد لوگوں کو ڈرانا نہیں بلکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام ہے۔ کم عمر ڈرائیورز اپنی اور دوسرے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالتے ہیں، والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل اور گاڑی نہ دیں۔
3دنوں میں 400سے زائد کم عمر ڈرائیورز کیخلاف مقدمات
Nov 17, 2023