لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا دورہ کیا اورمختلف کورسز میں زیرتربیت پولیس افسران و اہلکاروں اور لیڈی افسران سے خطاب میں اہم ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کو دہشت گردی، شدت پسندی اور فرقہ واریت کے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پولیس فورس ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دےگی۔ پنجاب پولیس نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ گراں قدر قربانیاں دیں، پولیس کے جوان نامساعد حالات، محدود وسائل کے باوجود عوام اور سماج دشمن عناصر کے درمیان سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ 10ماہ قبل فورس کے انفراسٹرکچر، پروموشنز، ویلفیئر میں بہتری، مثبت نتائج کےلئے اعتماد کے سفر کا آغاز کیاجس کے اثرات بتدریج صوبے کی عوا م کو منتقل ہورہے ہیں۔ پولیس سے بڑھ کر ملکی اندرونی سرحدوں، شہریوں کی حفاظت کرنے والا کوئی اور ادارہ نہیں ہے، جرائم کا قلع قمع، بہترین سروس ڈلیوری سے پنجاب پولیس کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانا آپ سب کی ذمہ داری ہے۔ پولیس کالجز اور سکولز میں ماڈرن پولیسنگ اور سہولیات کے مطابق ٹریننگ نصاب کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے پاسبان کی سمری منظوری کے بعد جلد 5ہزار نئی پروموشنز ہونگی۔
پولیس فورس ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دےگی:آئی جی
Nov 17, 2023