صوابی (نوائے وقت رپورٹ) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کو خورد برد کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔اسد قیصر کو جوڈیشل مجسٹریٹ محمد خلیل خان کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔ اسد قیصر کو گجو خان میڈیکل کالج میں خورد برد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس قسم کی انتقامی کارروائی سے ہم ڈرتے ہیں ، نہ ہی اپنے مو¿قف سے پیچھے ہٹنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نگراں حکومت اور جس کے پاس اختیارات ہیں، سے صرف اتنا پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا وہ فری اینڈ فیئر الیکشن کرنا چاہتے ہیں۔ کیا وہ ملک میں لیول پلیئنگ فیلڈ دینا چاہتے ہیں؟۔ پوری دنیا دیکھ لے گی یہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوئے یا نہیں۔اگر فری اینڈ فیئر الیکشن نہ ہوئے تواسے نہ دنیا مانے گی نہ اس ملک کے عوام۔ہمیں لیول پلیئنگ فلیڈ چاہیے۔ ہم اپنے کیسز کا دفاع کریں گے۔ ہم کیسز سے نہیں ڈرتے۔اسد قیصر نے کہا کہ ہماری پارٹی اور کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ہمارے ساتھ ظلم ہو رہا جو قابل مذمت ہے۔ نوازشریف پہلے سے وزیراعظم ڈیکلیئرڈ ہیں۔ اس طرح کے الیکشن کون منصفانہ تسلیم کرے گا؟۔ اس طرح کے وزیراعظم کو کون مانے گا؟۔ ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہونا چاہیے۔ عوام فیصلہ کریں اور عوامی رائے پر حکومت بنے۔
خوردبرد کیس، سابق سپیکر اسد قیصرکو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
Nov 17, 2023