لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں چینی، گھی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کا میکنزم بنانے کے کیس میں قیمتوں کے تعین کے کنٹرول پر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سرکاری وکلاءسے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے تک فیصلہ کرلیں کہ قیمتوں کے تعین کے میکنزم کو وفاق نے کنٹرول کرنا ہے یا صوبے نے۔ عدالت آئندہ سماعت پر درخواست نمٹا دے گی۔ سرکاری وکیل نے قیمتوں کے تعین کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ قیمتوں کے تعین کیلئے میکنزم کا آرڈیننس تیار کرلیا ہے، آرڈیننس گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلئے متعلقہ اتھارٹی کو بھجوایا ہوا ہے، شیڈول میں اشیائے ضروریہ کا بھی تعین کردیا گیا ہے، قیمتوں کے تعین بارے میکنزم میں وضاحت کر دی گئی ہے، قیمتوں کے تعین میں قواعد و ضوابط بھی بنائے جائیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ قیمتوں کے قواعد و ضوابط معطل نہیں ہونے چاہئے، یہ اچھی بات ہے کہ اشیائے ضرورت کی وضاحت کر دی گئی ہے۔