کینیڈا:پاکستانی خاندان کے 4 افراد کو ٹرک سے کچلنے والا شخص مجرم قرار

کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے 4 افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار شخص کو مجرم قرار دے دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 12 رکنی جیوری نے فیصلہ دیا کہ 22 سالہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین نے جان بوجھ کر افضال فیملی کو قتل کیا۔ نیتھینیل ویلٹمین نے جون 2021 میں لاہور سے تعلق رکھنے والے خاندان فزیو تھراپسٹ سلمان افضال کی فیملی کو کینیڈا کے شہر لندن اونٹاریو میں ٹرک سے کچل دیا تھا۔ ملزم نے ٹرک سے کچل کر46 سالہ سلمان افضال، ان کی اہلیہ 44 سالہ مدیحہ سلمان ،15سالہ بیٹی یومنہ اور74سالہ والدہ طلعت افضال کو قتل کیا تھا۔ واقعے میں مقتول خاندان کا کمسن بیٹا زخمی بھی ہوا تھا۔رپورٹ کے مطابق 22 سالہ نیتھینیل ویلٹمین کو عمر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔  ملزم نے سلمان افضال کے خاندان کو اپنے پک اپ ٹرک سے ٹکرانے کا اعتراف کیا تھا۔ نتھینیل ویلٹمین کو سزا سنانے کی تاریخ یکم دسمبر کو مقرر کی جائے گی۔تقریبا 10 ہفتوں کے مقدمے میں جیوری کومعلوم ہوا کہ نیتھینیل ویلٹمین نے اپنے کمپیوٹر پر دہشت گردی کا منشور لکھا تھا جس میں اس نے سفید فام قوم پرستی کی حمایت کی تھی اور مسلمانوں سے اپنی نفرت کو بیان کیا تھا۔ مقامی میڈیا  نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرک سے روندنے والا دہشتگرد مذہبی تعصب میں مبتلا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ای پیپر دی نیشن