لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے اپنے منظور شدہ ٹور میں ردوبدل کرتے ہوئے نئے ٹور کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔نئے ٹور شیڈول کے مطابق ٹور اسلام آبادسے شروع ہوگیا۔ٹرافی 25 نومبر تک پاکستان میں رہے گی جس کے دوران اسے مختلف شہروں میں لے جایا جائے گا۔ اسلا م آباد میں چیمپئنز ٹرافی کو دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان مانومنٹ میوزیم لے جایا گیا جہاں تقریب رونمائی ہوئی۔ٹرافی کو سکول‘ کالجز اور مختلف سائٹس پر لے جایا گیا۔سینکڑوں شائقین نے ٹرافی کو دیکھا۔ سابق کرکٹر شعیب اختر ٹرافی کے ہمراہ ہوں گے۔ 17 نومبر کو ٹرافی ٹیکسلا اور خانپور جبکہ 18 نومبر کو ٹرافی ٹور ایبٹ آباد میں ہو گا، 19 نومبر کو ٹرافی مری لے جائی جائیگی، 20 نومبر کو نتھیا گلی اور 22 سے 25 نومبر تک کراچی میں ٹرافی کا ٹور ہو گا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں شریک تمام ممالک میں جائے گی، پاکستان کے بعد ٹرافی ٹور 26 سے 28 نومبر تک افغانستان میں، 10 سے 13 دسمبر بنگلا دیش، 15 سے 22 دسمبر جنوبی افریقا اور 25 دسمبر سے 5 جنوری تک آسٹریلیا میں ہوگا۔ 6 جنوری سے 11 جنوری نیوزی لینڈ، 12 سے 14 جنوری انگلینڈ اور 15 سے 26 جنوری انڈیا میں ٹرافی ٹور ہو گا۔ آئی سی سی کے مطابق 27 جنوری کو پاکستان میں ٹرافی کا ایونٹ شروع ہو گا۔چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر بھارتی بورڈ کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور وہ حکومت کی اجازت کے بغیر پاکستان آنے پر رضامند نہیں ہیں۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان میں سکیورٹی خدشات ہیں جس کے باعث ہماری ٹیم دورہ نہیں کرے گی۔ بھارتی بورڈ اپنے مئوقف پر قائم ہے اگر ہمیں حکومت اجازت دے گی تو ہی پاکستان جاسکتے ہیں ورنہ نہیں، اس حوالے سے آئی سی سی کو بھی جواب دے دیا گیا ہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے لندن میں انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن سے ملاقات کی۔چیئرمین ای سی بی رچرڈ تھامسن نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سلسلے میںچیئررمین محسن نقوی اور پی سی بی کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ چیئرمین ای سی بی نے کہا کہ انگلینڈ کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی شاندار رہا۔ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کیلئے ہماری نیک تمنائیں پاکستان کیساتھ ہیں۔ محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کیلئے تیار ہے۔سٹیڈیمز کو جدید انداز میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کیلئے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔مہمان ٹیموں کو سٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول دیا جائیگا۔چیئرمین انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ رچرڈ تھامسن نے حالیہ دورہ کے دوران شاندار مہمانداری پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں رویمائی کا سفرشروع ہٹ دھرمی برقرار
Nov 17, 2024