جیلوں سے باہر پی ٹی آئی قیادت ہمارے پاس آئے‘ بہتر مشورہ دے سکتے ہیں: شاہ محمود

Nov 17, 2024

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جیلوں سے باہر بیٹھی لیڈر شپ ہمارے پاس آتی ہے ہوسکتا ہے کوئی بہتر مشورہ دے سکیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیرسٹر گوہر، وقاص اکرم، سلمان اکرم راجہ اور عمر ایوب سے گزارش ہے ہم ڈیڑھ سال سے جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر شپ کے پاس وقت اور مہلت ہے تو کسی دن ہمارے پاس بھی تشریف لائے، پارٹی لیڈرشپ یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کا نقظہ نظر جاننے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر باہر بیٹھی لیڈر شپ ہمارے پاس آتی ہے ہوسکتا ہے کوئی بہتر مشورہ دے سکیں۔ شاہ محمود نے کہا کہ میرا 40 سالہ سیاسی تجربہ ہے پارٹی قائدین سے گزارش ہے سیاسی جماعتوں کو انگیج کریں، آئین کی بالادستی کے لیے کم سے کم ایجنڈے پر یکسوئی بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری سے گزارش ہے فیصلہ کریں وہ کہاں کھڑا ہونا چاہتے ہیں؟ جمہوری قوتوں کیلئے اہم وقت ہے وہ کہاں کھڑا ہونا چاہتی ہیں۔

مزیدخبریں