لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ملکی خزانوں پر جو لوگ سانپ بن کر بیٹھے ہیں، جد وجہد کے ذریعے انھیں معزول کریں۔ بدقسمتی سے اقتدار میں رہنے والے حکمرانوں کے مفادات عوام سے وابستہ نہیں، دو فیصد ایلیٹ طبقہ وسائل کو ہڑپ کر رہا ہے، ملک کے وسائل عوام پر ہی خرچ ہونے چاہییں، سرکاری نظام ٹھیک ہو جائے تو یہ پرائیویٹ سیکٹر بھی ہماری 14سو سالہ تاریخ سے جڑ سکتا ہے۔ یہ لوگ پہلے اداروں کو تباہ کرتے ہیں، پھر ان کو بیچنے کے لیے بولیاں لگاتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے 13ہزار سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، نوجوان اس کے خلاف بھی مزاحمت کریں، اپنی تعلیم اور نسل کو بچانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام 9ویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کے میگا ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صدرالخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، سیکرٹری جنرل الخدمت سید وقاص جعفری، چیئرمین والنٹئر پروگرام و مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد مشتاق احمد مانگٹ، ذکر اللہ مجاہد، سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل ویمن ونگ ڈاکٹرحمیر اطارق، سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی، ہیڈ آف تربیہ یونیورسٹی آف لاہور ڈاکٹر عائشہ مدنی، ڈین یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر، چیئرپرسن ملین اسمائلزام محمد، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر سیدہ فلیحہ کاظمی، چیئرمین فلم اینڈ براڈکاسٹنگ پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹرلبنیٰ ظہیر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے۔
نوجوان ملک کا اصل سرمایہ، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں: حافظ نعیم
Nov 17, 2024